مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یورپی یونین کی وزرائے خارجہ کونسل اور برطانوی حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ میں ایرانی ڈرونز کے استعمال پر مبنی دعووں کو جھوٹے اور بے بنیاد بہانے قرار دیا۔
ناصر کنعانی نے جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے مشترکہ بیان میں یوکرین کی جنگ میں ایرانی ڈرون کے مبینہ استعمال کے دعوؤں کو بھی مسترد کیا۔ کنعانی نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تمام اراکین کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کا مکمل احترام کرنا چاہیے جن میں ممالک کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہران یوکرین میں سیاسی عمل کے ذریعے امن اور جنگ کے فوری خاتمے کی حمایت کرتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی قوم کبھی نہیں بھولے گی کہ بعض یورپی ملکوں نے کیمیائی ہتھیاروں سمیت وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار بھیج کر صدام حسین کی اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف آٹھ سالہ جنگ میں حصہ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اب بھی ان ممالک کو صدام حسین کے جرائم کا ذمہ دار اور جوابدہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے اشتعال انگیز رویے دنیا میں پائیدار امن اور استحکام میں کردار ادا کرنے کے ان کے مضحکہ خیز اور منافقانہ دعووں کے برعکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور ایرانی قوم کے مفادات کا دفاع کرنے سے بالکل بھی دریغ نہیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ